اسلام آباد: ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی قیادت کے جارحانہ بیانات کو مسترد کر دیا ہے۔
صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا ہے کہ بھارتی قیادت کے حالیہ جارحانہ بیانات دیکھے ہیں، پاکستان بھارتی قیادت کے بے بنیاد اور حقائق کے منافی بیانات کو مسترد کرتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سیکیورٹی اور علاقائی سالمیت کو درپیش خطرے سے نمٹنے کو تیار ہے، پاک افغان سرحد پر حالات کے متعلق افغان انتظامیہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کی علاقائی سالمیت و خود مختاری کا حامی ہے، پاکستان کے ایران سے ٹھوس برادرانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایرنی صدر کے حالیہ دورے میں متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے، گوادر اور چاہ بہار کو جڑواں بندرگاہ قرار دیا گیا، بھارت اور ایران کے مابین کسی معاملے پر ہم ردِ عمل نہیں دیتے۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ترقی، وسعت، روزگار، گرین کوریڈورز پر توجہ مرکوز کی گئی، ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ پر پاک برطانیہ مذاکرات کا چھٹا دورہ ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ فریقین نے عالمی اور علاقائی سلامتی، نئی ٹیکنالوجیز کے پُرامن استعمال پر نکتۂ نظر پیش کیا، مصنوعی ذہانت کے فوجی استعمال اور جوہری ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال پر بات ہوئی۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ فریقین نے آئی اے ای اے اور کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کی تنظیم سے متعلق امور پر بات کی، فلسطین کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی رکنیت دینےکی قرارداد کی بھرپور حمایت کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مظلومین کے خاندان آج بھی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، ہزاروں کشمیری خواتین کے شوہروں کو بھارتی فوج قتل کر چکی ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے یہ بھی کہا ہے کہ اسحاق ڈار ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس کے لیے 20 مئی کو قازقستان جائیں گے، سارک کے سیکریٹری جنرل پاکستان کا دورہ کریں گے۔