راولپنڈی(نیوز ڈیسک) سابق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت گرا کر ہمیں ہی ملزم بنادیا گیا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سائفر کیس میں سابق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
فرد جرم سنتے ہی سابق چئیرمین پی ٹی آئی نے جج سے کہا کہ میں نے ملکی اور غیر ملکی اسٹیبلشمنٹ کو بے نقاب کرکے ظلم کیا میرے جرم میں یہ بھی شامل کریں،
انہوں نے سائفر کو جنرل باجوہ اور امریکی سفیر ڈونلڈ لو کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت گرا کر ہمیں ہی ملزم بنادیا گیا، یہ کیسے ہوسکتا ہے جس کی حکومت گری ہو وہی ملزم ہو۔
جج نے انہین ٹوکتے ہوئے کہا کہ آپ ایسا نہ کریں، غلط بات نہ کریں، یہ عدالت ہے، آپ کا لہجہ مناسب نہیں، آپ پہلے میری بات سن لیں۔
عمران خان کے بار بار بولنے پر عدالت نے انہیں خاموش کرادیا۔