اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے وفد کے ہمراہ کویت سفارتخانے کا دورہ کیا۔ وفد میں سینیٹرز نصیب اللہ بازئی، محمد عبدالقادر اور دنیش کمار شامل تھے۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کویتی سفیر سے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور مہمانوں کیلئے رکھی گئی کتاب میں تعزیتی کلمات قلمبند کئے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ امیرکویت کاانتقال نہ صرف کویت کے شاہی خاندان اور عوام بلکہ پاکستانی عوام کیلئے بھی ایک بڑا فضا ہے۔ ہم نے ایک سچے دوست اور متحرک لیڈر کو کھو دیا ہے۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ علاقائی استحکام، عالمی ترقی کیلئے ان کی ذاتی وابستگی اور قوموں کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کیلئے ان کی خدمات طویل عرصے تک یادر کھی جائیگی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں کویت اور اس کے عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اللہ تعالیٰ مرحوم شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی مغفرت اور درجات بلند کرے۔
مزید پڑھیں: صادق سنجرانی کی نجف آمد ، عراقی رکن پارلیمنٹ عبدالہادی سے ملاقات