فرانسیسی سفیر نکولس گیلے کی وزیر مذہبی امور سے ملاقات ، بین المذاہب ہم آہنگی، مکالمہ کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد(وسیم بٹ) بین المذاہب مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے فرانسیسی سفیر نکولس گیلے سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔ انیق احمد کا مزید کہنا تھا کہ یہ تہذیبوں کی جنگ نہیں ، لاعلمی کی جنگ ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ مزاحمت سے زیادہ مفاہمت پر توجہ دی جائے۔ ملاقات میں معاشروں کے اندر انتہا پسندی و شدت پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر ایک دوسرے سے تعاون کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ خطہ فلسطین میں جاری انسانیت سوز مظالم کی مذمت کرتے ہوئے اس نسل کشی کی فوری روک تھام اور مسئلہ کے پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ ہسپتالوں، پناہ گزین کیمپوں، سکولوں اور عبادتگاہوں میں محصور نہتے شہریوں اور معصوم بچوں پر بمباری اور ظلم و ستم کی مہذب دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ بات چیت کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دنیا بھر میں موجود اقلیتی آبادیوں کو عزت، اعتماد اور آسانیاں فراہم کی جائیں۔ فرانسیسی سفیر نے کہا کہ نئی نسل کو مذاہب کے فرق کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ رواداری اور محبت سے پیش آنے کی تعلیم دینا ہو گی۔ دنیا میں مختلف انتہا پسند تحریکوں نے معاشروں میں عدم برداشت کو پروان چڑھایا۔ فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ کے بعد حکومتی اور علماء کی سطح پر اقلیتوں کی سرپرستی اور ایسے واقعات سے اعلان لاتعلقی کے واضح موقف کو پوری دنیا میں سراہا گیا۔
مزید پڑھیں: انیق احمد سےعراقی سفیر حامد عباس لفتہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق