اسلام آباد (سٹا ف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے تین کے ٹولے کو عوام خوب پہچانتے ہیں۔ ایم کیو ایم شکست کے خوف سے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا ڈرامہ کر سکتی ہے۔ اپنے بیان میں سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کراچی کو اجاڑ کر رکھ دیا تھا۔ خوف و دہشت کی فضا قائم کرکے کراچی کے شہر کو یرغمال بنا لیا تھا۔ اب کراچی کے عوام آزاد ہو چکے ہیں، ایم کیو ایم کو بدترین شکست دیں گے کیونکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ایشیا کا بڑا ٹرامہ سنٹر بنایا، این آئی سی وی ڈی میں علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کیں۔ کراچی کے عوام کو فلائی اور، انڈر پاسز، پبلک پارک اور کھیل کے میدانوں کے تحفہ دئیے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی خدمات کو دیکھ کر کراچی کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ دئیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جواب دے کہ 1993ءمیں قومی اسمبلی کے الیکشن کا بائیکاٹ کس کی فرمائش پر کیا تھا؟ ایم کیو ایم اس بات کا بھی جواب دے کہ اس نے 2001ءاور 2023ءکے بلدیاتی الیکشن کا بائیکاٹ کس کی ہدایت پر کیا تھا۔
مزید پڑھیں: 8فروری کا سورج پیپلز پارٹی کی فتح لے کر طلوع ہو گا ،چوہدری احمد حسین