وزیرستان میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار محمد ظاہر شہید ہوگئے، جب کہ ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار محمد ظاہر شہید ہوگئے، 41 سالہ شہید ضلع مردان کے رہائشی ہیں، جس نے بہادری سے لڑنے کے بعد شہادت کو گلے لگا لیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے اپریشن جاری ہے، افواج پاکستان ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہے۔