پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے لاہور کے ارفع سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں ارفع ٹیچر چیٹ بوٹ کا افتتاح کیا۔
ارفع کریم ٹیکنالوجی انکیوبیٹر کا دورہ کرنے والے محسن نقوی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ارفع کریم فائونڈیشن کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ارفع ٹیچر CHAT BOT ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو گا، اس کا مکمل ورژن ایک شاندار تعلیمی آلہ ہے جو دُور دراز علاقوں کے رہنے والوں کو تعلیم مہیا کرے گا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں لاہور بورڈ موبائل ایپ۔ ای سروس کا اجراء بھی کیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پنجاب کے دوسرے بورڈز کو بھی جلد آن لائن خدمات فراہم کی جائیں گی۔ عام لوگوں کی سہولت کیلئے بہترسافٹ ویئر تیار کرنے کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے بتایا کہ 2023 میں 42 لاکھ بچوں نے دسویں جماعت کا امتحان دیا اور اب رزلٹ کارڈ کی تصدیق کی سہولت بھی آن لائن موجود ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید بتایا کہ اس ایپ سے طلباء کو سہولت ملے گی اور وہ ڈگریاں بھی گھر پرہی حاصل کر سکیں گے۔