ممبئی (انٹرنیشنل ڈیسک)بھارت کے کھرب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور صنعتکار ویرن مرچنٹ کی بیٹی رادھیکا مرچنٹ کی جولائی میں ہونے والی شادی کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیٹے آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی شاندار تقریبات کا انعقاد ابوظہبی اور لندن میں ہوگا۔
اس حوالے سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق شادی کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کا جائزہ خصوصی طور پر نیتا امبانی لے رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق شاہانہ شادی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات میں سے ایک امبانیز کے لندن کے اسٹوک پارک کنٹری اسٹیٹ میں ہوگی، جس کی مالیت 71 ملین ڈالرز ہے۔
تاہم ابھی یہ اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں کہ 3سو ایکڑ پر محیط اس 9 سو برس قدیم کنٹری اسٹیٹ میں شادی کی کونسی تقریب منعقد ہوگی۔
تاہم بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کو لندن میں ہونے والی شادی کی تقریب کے لیے دعوت نامے بھیج دیے گئے ہیں۔
آئیے لندن میں بکنگھم شائر میں واقع اسٹوک پارک کنٹری کلب کے اندرونی مناظر پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
یہ برطانیہ کی سب سے پرتعیش جائیداد میں سے ایک ہے، یہاں جیمز بانڈ کی دو فلموں کی شوٹنگ بھی ہوچکی ہے۔
اسٹوک پارک کنٹری کلب کی تعمیر 1066 میں کی گئی تھی، بعدازاں 1760 میں امریکی سیاسی رہنما جان پین نے اس کی تزئین و آرائش کا کام کروایا تھا۔
اسٹوک پارک کنٹری کلب میں 49 شاندار پُر تعیش کمرے، تین عمدہ کھانے کے ریستوراں، ایک 4 ہزار مربع فٹ کا جم، ایک صحت مرکز، انڈور اور آؤٹ ڈور سوئمنگ پول، 13 ٹینس کورٹ اور ایک بڑا گولف کورس ہے۔
اس اسٹیٹ نے گزشتہ ایک ہزار سے زائد عرصے کے دوران کئی معروف شخصیات کی مہمان نوازی کی ہے۔ 1581 کے بعد کافی عرصے تک یہ اسٹیٹ ملکہ برطانیہ الزبتھ اول کا پسندیدہ رہائشی مقام رہا، جہاں وہ چھٹیاں گزارنے آتی تھیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آغاز میں آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل 3 روزہ تقریبات بھارتی ریاست گجرات کے علاقے جام نگر میں منعقد کی گئں تھیں۔
ان تقریبات میں صرف بالی ووڈ سے ہی نہیں بلکہ دنیا بھر سے کئی معروف اور اہم شخصیات نے شرکت کی تھی، جس کی وجہ سے ان تقریبات نے دنیا بھر کی توجہ سمیٹ لی تھی۔
تاہم اب اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ان کی شادی کی تقریبات اس سے کہیں زیادہ شاندار ہوں گی جس کا کوئی تصور نہیں کر سکتا۔