ممبئی: معروف بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ اگر وہ لوک سبھا الیکشن میں کامیاب ہوگئیں تو وہ ہمیشہ کے لیے بالی ووڈ کو خیرباد کہہ دیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کنگنا رناوت سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے بالی ووڈ کیریئر اور سیاست کے درمیان توازن کیسے رکھیں گی؟ جس پر اداکارہ نے کہا کہ میں ان دونوں میں سے صرف ایک ہی کام پر توجہ دوں گی۔
میزبان نے کنگنا رناوت سے پوچھا کہ کیا وہ بی جے پی کے ٹکٹ پر اپنے حلقے سے الیکشن جیتنے کے بعد بالی ووڈ کو چھوڑ دیں گی؟ جس پر اداکارہ نے کہا کہ ہاں! میں اپنے تمام پچھلے پراجیکٹس مکمل کرنے کے بعد بالی ووڈ کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ دوں گی۔
کنگنا رناوت نے کہا کہ فلمی دنیا جھوٹ ہے، وہاں کی ہر چیز جعلی ہے، سیٹ سے لیکر کرداروں تک سب کچھ جعلی ہے، فلمی دُنیا ایک چمکیلے بُلبلے کی طرح ہے جو لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں الیکشن جیت کر عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہوں، مجھے عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے، میں سیاسی دُنیا میں نئی ہوں اسی لیے ابھی مجھے بہت کچھ سیکھنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے اپنے سیاسی کیریئر کے لیے بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے اور مجھے اُمید ہے کہ میں الیکشن جیت کر عوام کو خوش کردوں گی۔
کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ جب اداکاری سے بور ہوجاتی ہوں تو میں ہدایتکاری اور پروڈکشن کی طرف آجاتی ہوں کیونکہ مجھے مصروف رہنا پسند ہے لہٰذا اگر میں الیکشن جیت گئی تو عوام کی خدمت میں مصروف ہوجاؤں گی۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سیاسی پارٹی بی جے پی نے اداکارہ کنگنا رناوت کو ہماچل پردیش کے شہر مندی سے لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری کیا ہے۔
دوسری جانب کنگنا رناوت اپنی نئی فلم ‘ایمرجنسی’ کی ریلیز کا بھی انتظار کر رہی ہیں، اس فلم میں وہ بھارت کی سابقہ وزیر اعظم اندرا گاندھی کے کردار میں نظر آئیں گی۔