اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے شعبہ ریپرٹری تھیٹر کے زیر اہتمام نوجوانوں اور تھیٹر سے محبت رکھنے والے فنکاروں کو فنی تربیت فراہم کرنے اور تھیٹر کی بہترین تکنیک سے روشناس کروانےکے حوالے سے ایک سہ روزہ تھیٹر ورکشاپ کا انعقاد مورخہ 23 تا 25جنوری 2024 کو پی سے سی اے کے لیکچر ہال میں کیا جا رہا ہے۔ جس میں طلباء ،نوجوان اور شوقیہ فنکاروں کے علاؤہ میڈیا کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بہت سے اصحاب علم ودانش شریک ہونگے ۔ ورکشاپ پی این سی اے ڈرامہ سیکشن کے پروگرام آرگنائزر محمد وقار عظیم نے کنڈکٹ کریں گے۔ یہ ورکشاپ معاشرے میں آرٹ اور فن اور خاص طور پر تھیٹر کی اہمیت کا اجاگر کرنے کیلئے منعقد کی جا رہی ہے، تھیٹر کیونکہ کسی بھی معاشرے میں غیر فطری روایات اور باطل قوانین کی نشاندھی کرنے کاواحد ذریعہ ہے۔ تھیٹر کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ یہ معاشرے کا خوبصورت چہرہ دکھا کر رویوں میں اعتدال پیدا کر سکتا ہے- اسی لیے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس ، کلچر کے قومی ادارے کی حیثیت سےہر سال تھیٹر کے فن کی ترویج و ترقی کے لیے بہت سے اقدامات کرتا ہے،اور یہ سہ روزہ تھیٹر ورکشاپ بھی انھی اقدامات کی ایک کڑی ہے۔ اس ورکشاپ میں شرکت کیلئے کوئی فیس نہیں رکھی گئی ، تا کے ہر طبقے کے فنکار با آسانی شریک ہو سکیں۔ اس تھیٹر ورکشاپ اب تک رجسٹر ہونے والے کل شرکاء کی تعداد تقریباً 60 ہے، جن میں 25 خواتین شامل بھی شامل ہیں۔ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب مورخہ 23 جنوری 2024 دن گیارہ بجے پی این سی اے کے لیکچر ہال ہو منعقد ہو گی جس سے ڈایریکٹر جنرل پی این سی اے جناب ایوب جمالی تمام شرکاء سے خطاب کریں گے۔ جن موضوعات پر باقاعدہ سیشنز رکھے گئے ہیں ان میں اداکاری کی تعریف ، ڈرامے کی ہسٹری اور معاشرے میں تھیٹر کی ضرورت اور اہمیت ، آرٹ اور کرافٹ میں فرق، پاکستان میں تھیٹر کی ہسٹری ، کامیڈی اور لچر پن میں فرق ، رقص کا تھیٹر سے رشتہ، اداکاری کے لیے تاثر پیدا کرنے کے ٹولز، باڈی لینگویج ، آواز کے حصے ،اور آواز کی اقسام ،تھیٹر، ٹیلیویژن ، ریڈیو اور فلم کی اداکاری کے لیے آفاقی قوانین ، اداکاروں اور مصنفین کے لیے تخلیق کی اہمیت ، سوچنے کے مختلف مکتب فکر اور تھیٹر کے دیگر تکنیکی شعبوں اسٹیج لایٹ ، سیٹ ، پس پردہ موسیقی ، کاسٹیوم اور میک اپ جیسے تکنیکی موضوعات بھی اس ورکشاپ کا حصہ ہونگے۔ مورخہ 25 جنوری 2024 کو ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا ۔ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کی یہ تھیٹر ورکشاپ یقیناً نئے آنے والے اور شوقیہ فنکاروں کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں ۔