اسلام آباد(وسیم بٹ) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ اسپورٹس ہینڈ بال (ویمن) فیڈرل لیگ کی اختتامی تقریب کا انعقاد لیاقت جمنازیم، اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں کیا۔
اس ایونٹ میں میں اسلام آباد، اسکردو، گلگت، مظفرآباد اور میرپور کی ٹیموں نے حصہ لیا جہاں طالبات نے ہینڈ بال میں مہارت کا مظاہرہ کیا۔ ایک سخت مقابلے میں اسلام آباد نے فتح حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، مظفر آباد دوسرے اور اسکردو کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔ جیتنے والی ٹیموں کو ان کی شاندار کارکردگی پر نقد انعامات، میڈلز اور ٹرافیاں دی گئیں۔
تقریب کی مہمان خصوصی پراجیکٹ منیجر ایچ ای سی افشین اختر تھیں۔ اس موقع پر طالبات کی مشیر سعدیہ سلیم چیمہ اور انچارج سپورٹس اینڈ آرگنائزنگ سیکرٹری نادیہ مختار بھی موجود تھیں۔
آرگنائزنگ سیکرٹری محترمہ نادیہ مختار نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ایچ ای سی کا شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں میں کھیلوں کو فروغ دینے اور انہیں ملک کو روشن ستارے فراہم کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے پر وزیر اعظم کے اقدام پر شکریہ ادا کیا۔
مشیر طالبات ڈاکٹر سعدیہ سلیم نے لیگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر کھلاڑیوں اور ان کے منیجرز کو سراہا۔
آخر میں مہمانوں اور عہدیداروں کو لیگ میں بھرپور حصہ لینے اور تعاون فراہم کرنے پر اعزازی شیلڈز دی گئیں ۔