اسلام آباد(محمد حسین ) پاکستان سپورٹس بورڈ(پی ایس بی) نے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کے میرٹ پر مبنی انتخاب کو یقینی بنانے کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرادیا ہے۔ اب تمام فیڈریشنز کو این او سی کے لیے درخواست دیتے وقت کھلاڑی پروفائل پروفارمہ جمع کروانا ہوگا جس میں منتخب کھلاڑیوں کی کامیابیوں اور قابلیت کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ مزید برآں، کھیل فیڈریشنز کو اس بات تصدیق کرنی ہوگی کہ کھلاڑیوں کا انتخاب صرف میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے اس سے قبل قومی کھیل فیڈریشنز کے لیے این او سی کے حصول کے وقت کھلاڑیوں کے انتخاب کے معیار یا ان کی اپلیت کو پرکھنے کی کوئی شرط نہیں تھی۔فیڈریشنز کے نامزد کردہ کھلاڑیوں کی فہرست، جو بیرون ملک مقابلوں میں شرکت کے لیے جائیں گے، سپورٹس بورڈ کی ویب سائٹ پر لگا دی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ فہرست Foreign Sports Events میں دیکھی جا سکتی ہے۔