فیصل آباد(محمد حسین) کھیلوں کے ذریعے قوم کو متحد کرنے میں میڈیا کا کردار نمایاں ہے یہ واحد شعبہ ہے جو معاشرے میں خوشیاں بکھیر رہا ہے ان خیالات کا اظہار نامور سپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی نے گزشتہ روز سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف فیصل آباد سجاف کے زیر اہتمام ایک تربیتی ورکشاپ کے دوران کیا اس موقع پر سجاف کی ایڈہاک کمیٹی کے چیئرمین جمیل سراج ملک،و ممبران سید نسیم شاہ اور شہروز عباد بھی موجود تھے، فیضان لاکھانی نے حاضرین کو بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کی کوریج کے لیے قوانین پر عملدرآمد کر کے مثبت رپورٹنگ کی جا سکتی ہے انھوں نے کہا کہ پانی اور اچھی خبر اپنا راستہ خود بناتے ہیں اس لیے خبر کی تلاش میں سرگرداں رہنا چاہیے ورکشاپ کے شرکا ء سے سینئر صحافیوں کاشف فرید، ذکر اللہ حسنی،شہروز عباد اور شہزاد اقبال انٹرنیشنل ہاکی کوچ نے بھی خطاب کیا.
چیئرمین جمیل سراج ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ سجاف کے پلیٹ فارم پر صحافیوں کی تربیت کے اس طرح کے پروگرام باقاعدگی سے جاری رہیں گے انھوں نے کہا کہ فیصل آباد کے صحافیوں کو ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا ہے سجاف ان کو بین الاقوامی سطح پر ہونے والے سپورٹس ایونٹس میں مناسب نمائندگی کے لیے موثر رہنمائی فراہم کرے گی،تقریب کے آخر میں شرکاء کو سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ مہمان خصوصی فیضان لاکھانی کو سجاف کی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی.