پشاور(آئی ایم ایم)پاکستانی ریسلر اطہر زاہد نے کھٹمنڈو نیپال میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ میں انڈین ریسلر سنگھم دوبے کو شکست دے کر عالمی چیمپئن کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کامیابی پر اطہر زاہد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے خصوصی ملاقات کی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اطہر زاہد کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی اور کہا کہ انہوں نے اپنی محنت، عزم اور مہارت سے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری یہ کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے خیبرپختونخوا میں سکواش کی ایک خاتون کھلاڑی ، ایک جونیئر چیمپئن اور باکسنگ کے کھلاڑی کی ذکوڑی گروپ اور او جی ڈی سی ایل سے سپانسر شپ کرائی گئی ہے اسی طرح ریسلنگ کے کھلاڑیوں کی بھی ہرممکن سرپرستی کی جائے گی.
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اطہر زاہد کی کامیابی کو نوجوانوں کے لئے ایک مثالی مثال قرار دیا اور کہا کہ اس فتح نے ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے نئے راستے کھولے ہیں۔ ریسلر اطہر زاہد نے گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی والدین کی دعاؤں اور محنت کا نتیجہ ہے، اور وہ پاکستان کا نام مزید بلند کرنے کے لئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے حوصلہ افزائی پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا ،ملاقات کے دوران اطہر زاہد نے چیمپئن شپ کے مختلف لمحات اور اپنی جیت کے تجربات بھی شیئر کیے، جس پر گورنر خیبرپختونخوا نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور مستقبل کے مقابلوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔