30 ریفریز اور انسٹرکٹرز نے حصہ لیا
اسلام آباد(محمد حسین )فیفا ایم اے ایلیٹ ریفری کورس 2023 فٹبال ہائوس لاہور میں اختتام پذیر ہو گیا۔ 26 دسمبر کو شروع ہونے والے کورس میں ملک بھر سے 30 ریفریز اور انسٹرکٹرز نے حصہ لیا۔ پانچ روزہ کورس کا انعقاد فیفا کے ریفری ڈویلپمنٹ آفیسر محمد روڈزالی اور ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے فزیکل فٹنس انسٹرکٹر خالدی بن سپیان کی نگرانی میں مکمل ہوا۔ کورس میں حصہ لینے والوں نے گہری دلچسپی دکھائی اور ان کو فٹبال کی جدید تکنیکی معلومات بھی دی گئی جو کہ مستقبل کی ذمہ داریوں میں ان کے لیے نہایت کارآمد ثابت ہو گی اختتامی تقریب میں پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے رکن محمد شاہد نیاز کھوکھر نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور کہا میں محمد روڈزالی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ریفریز اور انسٹرکٹرز کو فیفا اور اے ایف سی کے معیار کے مطابق نئی چیزیں سکھائیں ۔ تمام شرکاء کے لیے نیک خواہشات جنہوں نے فٹبال کی نت نئی معلومات حاصل کیں.