اسلام آباد(محمد حسین) پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتما م اٹھارویں نیشنل ویمن بیس بال چیمپئن شپ کے مقابلے لاہو ر کے ایف سی کالج بیس بال گراؤنڈ میں شروع ہوگئےچیمپئن شپمیں چاروں صوبوں کےعلاوہ اسلام آباد،پاکستان آرمی،پاکستان واپڈا،پاکستان۔پولیس اور ایچ ای سی کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ پاکستان آرمی کی ٹیم اپنے اعزا زکا دفاع کررہی ہے۔ چیمپئن شپ کے افتتاح کے موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر معظم خان کلیئر مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل سید فخر علی شاہ نے دیگر آفیشلز کے ہمراہ مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ قومی ترانے کے بعد مہمان خصوصی کا کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا۔ چیمپئن شپ کے پہلے دن تین میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں خیبر پختونخواہ کی ٹیم نےپاکستان پولیس کی ٹیم کو16- 6سے شکست دے دی۔ خیبر پختونخواہ کی جانب سے ندا اور ایمن ملک نے تین رنز، ماریا، مقدس اور سدرہ خٹک نے دو رنز بنائے جبکہ حنا، ماہ نور، سدرہ اور رامین نے ایک ایک رنز بنا کر فتح میں اپنا حصہ ڈالا۔ جبکہ پولیس کی ٹیم کی جانب سے علینہ، اقرا، ہما، فضیلت، اللہ مافی اور مونا نے ایک ایک رن سکور کیا۔ دوسرے میچ میں پاکستان واپڈا نے اسلام آباد کو مرسی رول کے تحت 16 – 1 سے شکست دے دی۔ پاکستان واپڈا کی جانب سے مدیحہ، گل فیروزہ، صائقہ، سدرہ، اقرا، نورینہ اور عائشہ نے دو رنز سکور کیے جبکہ حوریرا اور ارم نے ایک رن سکور کیا۔ اسلام آباد کی جانب سے واحد رن چمن مشتاق نے سکور کیا۔
تیسرے میچ میں پاکستان آرمی نے پنجاب کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں مرسی رول کے تحت میچ کی دوسری اننگز میں 17 – 0 سے ہرادیا۔ آرمی کی تین کھلاڑیوں جن میں زاہدہ غنی، آسیہ صدیقہ اور عطیہ سیف شامل ہیں نے تین تین رن سکور کیے۔ جبکہ مائدہ بتول، رابعہ شاہد اور سمیعہ خالد نے دو رن جبکہ راشدہ اور فریحہ نایاب نے ایک ایک رن سکور کیا۔ آرمی کی جانب سے زاہدہ غنی نے چیمپئن شپ کا پہلا ہوم رن ہٹ کیا۔ چیمپئن شپ میں اج دو میچ کھیلے جائیں گے۔