بھارت کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے پاکستان میں دہشت گردی کا اعتراف کرلیا ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ میں عائد الزامات راج ناتھ نے قبول کرلیے جبکہ وزارتِ دفاع تردید ہی کرتی رہ گئی۔
انڈیا ٹودے کی ایک رپورٹ کے مطابق راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارت کا امن خراب کرنے والے کسی بھی دہشت گرد کو بخشا نہیں جائے گا۔
برطانوی اخبار گارجین کی طرف سے بھارت پر پاکستان میں ٹارگیٹیڈ کلنگز کا الزام لگائے جانے پر اپنے شدید ردِعمل میں راج ناتھ سنگھ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ”دہشت گردوں“ کو پاکستان میں بھی نشانہ بنانا پڑا تو بنائیں گے، ہم انہیں پاکستان میں گھس کر ماریں گے۔
بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ وزیر اعظم مودی بالکل ٹھیک کہتے ہیں کہ بھارت ایک طاقتور ملک ہے اور پاکستان بھی یہ بات سمجھتا ہے۔ ہم تمام پڑوسیوں سے خوش گوار تعلقات استوار رکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ جس طرح بھارت نے پاکستان میں لوگوں کو قتل کیا ہے اسی طرح کی کارروائی اس نے کینیڈا میں بھی کی تھی جہاں سکھ رہنما نجر کو بھارتی ایجنٹوں نے قتل کر دیا تھا۔ یہ قتل بھارت کے گلے پڑا ہے۔ اسی طرح کی ایک ناکام کارروائی امریکہ میں بھی کی گئی۔ دوسرے ممالک میں دہشت گردی پر بھارت کے خلاف مغرب میں آوازیں اٹھ رہی ہیں اور گارجین نے بھی اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تعاون پر نظر ثانی کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔
راج ناتھ سنگھ کے اعتراف نے بھارت کو مزید مشکل میں ڈال دیا ہے۔ کیونکہ یہ بھارتی وزارت خارجہ کے موقف کے برعکس ہے۔
بھارت کی وزارتِ خارجہ نے برطانوی اخبار کے الزام کی تردید کی ہے۔
گارجین کے مطابق پاکستانی تفتیش کاروں نے بتایا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستان میں 20 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کروائی۔ گارجین کے مطابق ان اموات میں بھارت کا ہاتھ ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔