اسلام آباد(نیوزڈیسک) غزہ پر اسرائیلی حملوں کو 6 ماہ مکمل ہو گئے ، شہداء کی تعداد 33 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ جنگ 21 ویں صدی کی سب سے تباہ کن جنگ بن چکی ہے، شہید فلسطینیوں میں 13 ہزار سے زائد تعداد بچوں کی ہے۔
اسرائیلی حملوں میں غزہ کی 70 فیصد آبادی بے گھر، 56 فیصد عمارتیں تباہ اور 227 مساجد کو شہید کیا گیا ، قابض فورسز نے مغربی کنارے پر 456 سے زائد فلسطینی شہید کئے۔
بمباری کے باعث غزہ کے 17 لاکھ سے زائد شہری بے گھر ہو چکے ، اسرائیلی فورسز نے تقریبا ًتمام تعلیمی ادارے اور بیشتر ثقافتی مراکز بھی تباہ کر دیئے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے غزہ کے 36 میں سے صرف 10 اسپتال جزوی طور پر فعال ہیں ، 11 لاکھ فلسطینی شہریوں کو خوراک کے عدم تحفظ کا سامنا ہے جبکہ 2 سال سے کم عمر کے 31 فیصد بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔
دوسری جانب قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی میں غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق قاہرہ میں جنگ بندی مذاکرات آج دوبارہ شروع ہوں گے ، حماس نے مذاکرات کاروں کے وفد کو قاہرہ بھیجنے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ اسرائیل نے اپنا وفد بھیجنے کی ابھی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔