اسلام آباد (عامر رفیق بٹ) پاکستان میں ایتھوپیا کے سفارت خانے اور سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) نے ایتھوپیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد کے گرین لیگیسی انیشی ایٹو کو پاکستان میں فروغ دینے کے لیے تعاون کا آغاز کردیا۔ اس اقدام کا مقصد گرین ڈویلمپنٹ، فطرت کے تحفظ اور خوراک کی حفاظتکرنا ہے۔اس تعاون کا اعلان جمعہ کو اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانے اور ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام ایک مشترکہ سیمینار میں کیا گیا۔ سیمینار میں وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم، ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری، سرکاری حکام، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی کی کوششوں کو سراہا اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے جاری کاوشوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے کہا کہ ایتھوپیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد نے 2018 میں برسراقتدار آنے کے بعد مختلف پالیسی اصلاحات کیں جس نے ایتھوپیا کو پرامن، مستحکم، خوشحال، ماحول دوست اور سرسبز بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گرین لیگیسی انیشی ایٹو کا باقاعدہ آغاز 2023 میں پاکستان میں ایتھوپیا کے سفارت خانے میں کیا گیا۔ جمال بیکر عبد اللہ نے کہا کہ ایتھوپیا بھرپور انداز میں گرین ڈولیپنمنٹ اقدامات کررہا ہے جس کا آغاز قومی سطح پر طے شدہ شراکت سے ہو رہا ہے، اس حوالہ سے فوسل فیول پر مبنی گاڑیوں کی درآمد پر روک لگانا اور 2050 تک نیٹ زیروکا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کی کامیابی کےلئے ذرائع ابلاغ کو متحرک کرنا، کمیونٹی کی شرکت اور ملک کی اعلیٰ قیادت کا قائدانہ کردار ہے۔ سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا کے سفارت خانہ کو ایس ڈی پی آئی اور وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ تعاون کرنے پر فخر ہے، اس اقدام کا آغاز پنجاب کے بڑے شہروں سے ہوگا جس کے بعد سندھ اور دیگر صوبوں میں اسے شروع کیا جائے گا۔ سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے کہا کہ گرین لیگیسی انیشی ایٹو کا اعلان ہمارے لئے قابل فخر ہے، ہمیں اس سلسلے میں ایس ڈی پی آئی کی مدد کی ضرورت ہوگی۔ وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے سیمینار سے اپنے ٹیلی فونک خطاب میں ایتھوپیا، پاکستان اور افریقہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے پر ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گرین لیگیسی انیشیٹو کو فروغ دینے کے لیے تعاون اور مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ڈی پی آئی ڈاکٹر عابد قیوم سلیری نے کہا کہ ایتھوپیا کے سفیر پاکستان میں گرین لیگیسی انیشیٹو کا آغاز کر رہے ہیں جس نے ایتھوپیا کے ماحول میں مثبت تبدیلیلانے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور خوراک کی حفاظت کے حوالے سے بڑے سماجی اثرات مرتب کئے ہیں۔