ترکیہ نے امریکا پر غزہ کے معاملے پر دوہرے معیار کا الزام عائد کردیا۔
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق ترکیہ نے امریکا پر انسانی حقوق کے حوالے سے دوہرے معیار کی پالیسی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کی سالانہ رائٹس رپورٹ غزہ میں اسرائیل کے حملوں کی عکاسی کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ترکیہ کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسے گہری تشویش ہے کہ امریکی رپورٹ غزہ میں جاری غیر انسانی حملوں کی صحیح عکاسی نہیں کرتی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ رپورٹ سیاسی محرکات، غیر جانبداری اور معروضیت سے دور رہ کر تیار کی گئی۔
بیان میں واشنگٹن سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ انسانی حقوق کے بارے میں دوہرے معیار کی پالیسی بند کرے۔
اپنی رپورٹ میں امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ کا اسرائیل میں انسانی حقوق کی صورتحال پر نمایاں منفی اثر پڑا ہے۔
پیر کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ان تجاویز کو مسترد کر دیا کہ واشنگٹن اسرائیل کے ریکارڈ کے حوالے سے دوہرا معیار رکھتا ہے۔