فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں حماس کے عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں دو اسرائیلی ریزرو فوجی مارے گئے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز (IDF) نے اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔ اسرائیلی فوج نے بتایا کہ وسطی غزہ کی پٹی میں ہونے والی جھڑپ میں 37 سالہ کلکدان مہر اور 28 سالہ ادو ابیب مارے گئے۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ دونوں فوجیوں کو دو الگ الگ حملوں میں گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا۔ ایک حملہ وسطی غزہ کی پٹی کے علاقے المغرقا میں اور دوسرا “نطارم محور” میں کیا گیا۔ یہ علاقہ شمالی اور جنوبی غزہ کے درمیان واقع ہے۔
القسام بریگیڈز نے کہا کہ اس حملے میں متعدد قابض فوجی زخمی بھی ہوئے جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایک فوجی شدید زخمی ہوا ہے جس کی حالت تشویش ناک ہے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل اور حماس میں جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 608 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔