نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان نے بھارت میں اپنا سفارتخانہ مستقل بنیادوں پر بند کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان نے بھارت میں درپیش چیلنجز کے باعث اپنا سفارتخانہ مستقل بنیادوں پر بند کیا ہے جس کی تصدیق افغانستان کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر افغان ایمبیسی کی جانب سے سفارتخانہ بند کیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق افغان حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہےکہ بھارت کی جانب سے سفارتی تعاون نہ ملنے پر سفارتخانہ بند کیا گیا ہے جس کا اطلاق 23 نومبر سے کیا گیا ہے۔
افغان سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہےکہ یکم اکتوبرکو سفارتخانے کے آپریشنز روکے جانے کے بعد اب سفارتخانہ بند کرنے کے فیصلے کا اطلاق جمعرات سے ہوچکا ہے۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہےکہ 30 ستمبر کو سفارتخانے کے آپریشنز روکے جانے کے فیصلے سے امید تھی کہ بھارتی حکومت سفارتخانے کے ساتھ روز مرہ کے معمولات کیلئے کوئی مثبت قدم اٹھائے گی لیکن بدقسمتی سے ان 8 ہفتوں کے انتظار میں سفارتکاروں کے ویزوں کی توسیع اور بھارتی حکومت کا طرز عمل حقیقت پسندانہ نہیں تھا جس وجہ سے سفارتخانے پر طالبان اور بھارتی حکومت کی طرف سے دباؤ تھا اور سفارتخانے کو آپریشنز جاری رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
مزید پڑھیں: بھارت آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا بدترین میزبان ثابت
افغان سفیر کے مطابق سفارتخانے کی چابیاں میزبان حکومت کو دے دی ہیں، بھارت میں تعینات افغان سفارت کار سیاسی پناہ کیلئےامریکا اوریورپ گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے افغان سفارتخانہ مستقل بند کیے جانے پر فوری کوئی ردعمل جاری نہیں کیا گیا ہے۔
نئی دہلی میں واقع افغان سفارتخانے میں اشرف غنی حکومت کی جانب سے تعینات کیا گیا اسٹاف فرائض انجام دے رہا تھا۔