ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نےکہا ہےکہ ایران نے پاکستان میں صرف دہشت گردوں کو نشانہ بنایا ہے، پاکستان میں نشانہ بنائےگئے دہشت گردوں کا تعلق اسرائیل سے تھا۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں میں کسی پاکستانی کو نشانہ نہیں بنایا گیا، ایران نے پاکستان میں صرف دہشت گردوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نشانہ بنائے گئے دہشت گردوں کا تعلق اسرائیل سے تھا، ایران اپنی قومی سلامتی پر کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دےگا۔
حسین امیرعبداللہیان کا کہنا تھا کہ عراق میں حملے اسرائیلی ایجنسی موساد کی ایران مخالف سرگرمیوں کےجواب میں تھے، ایران عراق کی علاقائی خودمختاری کا احترام کرتا ہے، عراقی کردستان سے موساد کی کارروائیوں کی انٹیلیجنس عراق سے شیئرکی تھیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نےکہا کہ غزہ میں اسرائیلی جرائم فوری ختم نہ ہوئے تو ہر ایک کو نقصان پہنچےگا۔
خیال رہے کہ زشتہ روز ایرانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملےکیےگئے تھے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی نور نیوز کی خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایرانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں جیش العدل نامی تنظیم کے دو ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی فضائی حدود میں ایرانی حملے کے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور تین بچیاں زخمی ہوئی تھیں۔
پاکستان نے جواب میں ایران سے اپنے سفیر کو واپس بلانے اور ایرانی سفیر کو ملک بدر کرنےکا اعلان کیا ہے۔