تہران: ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ کا کہنا ہےکہ ایران کو امریکا سے جنگ کے لیے کوئی خوف نہیں ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک بیان میں ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی دھمکی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، تہران واشنگٹن سے براہ راست فوجی تصادم کے لیے خوفزدہ نہیں ہے۔
حالیہ دنوں میں ہم نے کچھ امریکی حکام کی طرف سے ایران کے لیے دھمکیاں سنی ہیں ان کے لیے یہ پیغام ہے کہ ہم کسی بھی دھمکی پر لاجواب نہیں رہیں گے، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اس سے خوفزدہ بھی نہیں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ کا بیان امریکی صدر کی دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے جس میں جوبائیڈن نے اردن ڈرون حملے اور اس میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر کہا تھا کہ امریکا نے اس حملے کا جواب کا فیصلہ کرلیا ہے۔
جوبائیڈن نے ایران پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ اردن میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار ایران ہے کیونکہ ایران ہی حملہ آوروں کو ہتھیار مہیا کررہا ہے۔