سکھ رہنما کے قتل کی سازش میں ملوث ہونے پر امریکا نے بامعنی تحقیقات تک بھارت کو 3 ارب ڈالر کے ڈرونز کی فروخت روک دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکا نے ایم کیو نائن اے 31 سی گارڈین اور اسکائی گارڈین ڈرونز بھارت کو دینے تھے تاہم سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی کوشش پر ڈرونز کی خریداری امریکی کانگریس میں مسترد ہوئی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ امریکی نمائندوں نے بھارت کو ڈرونز کی فروخت کیلئے درکار قانونی کارروائی کو منجمد کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت کو ڈرونز کی فروخت روکے جانے پر ردعمل سے گریز کیا ہے جبکہ بھارتی بحریہ اور بھارتی وزارت خارجہ کے حکام بھی رپورٹ پر ردعمل دینے سے گریز کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کی سازش میں بھارتی سفارتی عہدیداروں کے ملوث ہونے کے ثبوت پائے گئے تھے جس کے بعد امریکا میں بھی سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کا منصوبہ امریکی خفیہ اداروں نے ناکام بنایا تھا اور اس سازش میں بھی بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تھے۔
امریکا اور کینیڈا نے بھارت نے سکھ رہنماؤں کے قتل اور ان کے قتل کی سازش کے الزام کی تحقیقات میں معاونت کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔