اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستانی حکام سے الیکشن کے بعد کی صورتحال کو قانونی طریقے سے حل کرنے پر زور دیا ہے ۔
تفصیلات کےمطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستانی حکام سے پاکستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیااور پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ انتخابات کے بعد کے تمام مسائل کو طے شدہ قانونی طریقہ کار کے ذریعے حل کریں ۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستانی حکام اور سیاسی رہنماؤں سے انتخابات کے بعد ہونے والے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا ،ان کا کہناتھا کہ کسی بھی ایسی کارروائی سے گریز کیا جائے جو کشیدگی کا باعث ہو، اقوام متحدہ کے سربراہ نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنے پر زور دیااور کہا کہ وہ پاکستان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور تمام مسائل اور تنازعات کو طے شدہ قانونی طریقے کار کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کے مطابق انتونیوگوتریس نے کہاکہ انتخابات کے بعد کی صورتحال میں انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے لیے پاکستانی عوام کے مفاد کا مکمل احترام کیا جائے،پاکستانی حکام اور سیاسی رہنماؤں سے اپیل ہے کہ وہ پرسکون ماحول کو برقرار رکھیں اور ہر قسم کے تشدد کو مسترد کریں، اس سے اجتناب کریں اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جو کشیدگی کو بڑھا سکیں۔