تھائی لینڈ کے سزا یافتہ سابق وزیر اعظم تھاکسن شیناواترا کو جیل سے پیرول پر رہا کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق تھائی وزیر اعظم تھاکسن شیناواترا کو پیرول پر رہائی مل گئی ہے جس کی تصدیق ان کے وکیل کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے صحافیوں نے 74 سالہ تھاکسن کو اتوار کے روز صبح سویرے ایک کالی مرسڈیز وین میں ہسپتال سے نکلتے ہوئے دیکھا، حکمران فیو تھائی پارٹی کے رہنما اپنی سب سے چھوٹی بیٹی پیٹونگٹرن شیناواترا کے ساتھ بیٹھے تھے۔
پیٹونگٹرن نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں یہ پیغام تھا کہ تھاکسن گھر پہنچ چکے ہیں، امید ہے کہ ان کی صحت اچھی ہو گی۔ان کے وکیل ونیاٹ چارٹمونٹری نے رائٹرز کو بتایا کہ تھاکسن نے پیرول کی کارروائی مکمل کر لی ہے اور انہیں باضابطہ طور پر رہا کر دیا گیا ہے۔
تھاکسن تقریباً 16 سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد اگست میں تھائی لینڈ واپس آئے تھے جس کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا تھا اور وہ 6 ماہ تک حراست میں رہے۔واضح رہے کہ تھاکسن کو بدعنوانی کے الزام میں 8 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔