اسلام آباد(ویب ڈیسک)چیئر مین تحریک انصاف عمران خان پارٹی چیئرمین شپ سے دستبردارہوگئے ، انٹرا پارٹی الیکشن میں نئے نام کا فیصلہ خود کریں گے۔
نجی ٹی وی نےذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے جیل سے پارٹی کی کور کمیٹی کو پیغام پہنچا دیا اور وہ انٹراپارٹی انتخابات میں چیئرمین کے امیدوار نہیں ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا کے باعث انٹراپارٹی الیکشن میں بطور چیئرمین نیا امیدوار ہوگا اور انٹراپارٹی انتخابات میں دوسرا رکن بطور چیئرمین منتخب کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایاکہ تحریک انصاف پارٹی چیئرمین اور نائب چیئرمین اور تنظیمی عہدوں پر انتخابات ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی پارٹی کے تنظیمی اموراورفیصلوں کی توثیق خودکریں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سزا ختم ہونے پر دوبارہ عمران خان بحیثیت چیئرمین انٹراپارٹی انتخابات میں حصہ لیں گے جبکہ ابھی نئے چیئرمین کے لیے نام کا فیصلہ خود عمران خان کریں گے، اس کے علاوہ پارٹی میں نئی شمولیت اور ٹکٹوں کے سب فیصلے چیئرمین پی ٹی آئی کریں گے۔
عمران خان کے وکیل و پارٹی کے سینیئر نائب صدر شیرافضل مروت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی تصدیق کردی ۔دوسری جانب یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بیرسٹر گوہر خان چیئرمین تحریک انصاف کے امید وار ہوں گے ۔
مزید پڑھیں: عمران خان کا پہلا نکاح، غیرشرعی، غیرقانونی اور فراڈ پر مبنی، مفتی سعید، عون چودھری کا بیان ریکارڈ