اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسو سی ایشن کے چیف آرگنائزر رانا قیصر شہزاد نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام کی پیچیدگیاں ریونیو کولیکشن کی راہ میں رکاوٹ ہیں ،نئی حکومت ٹیکس بنیاد کو بڑھانے کیلئے آسان اور موثر اقدامات کرے. کاروباری اداروں کی نگرانی اور ٹیکس انتظامیہ کے بچھائے جال جیسے قوانین سے معمولی سے انحراف پر بھی سخت جرمانے عائد کیے جاتے ہیں. رہنما و سی ای او عباد ہولڈنگ رانا قیصر نے کہا ہے کہ ٹیکس حکام کا رویہ منفی کلچر کی تشکیل کا سبب بن رہا ہے جس سے دستاویزی شعبہ کی توسیع متاثر ہورہی ہے اور قومی معیشت میں کاروباری اداروں، صنعتوں کا حقیقی پوٹینشل شامل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتیں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے میں ناکام رہی ہیں اور ان ٹیکس گزاروں سے مزید ٹیکس نچوڑرہی ہے جو پہلے ہی اپنے حصہ کا ٹیکس ایمانداری سے ادا کررہے ہیں۔کاروباری کمپنیاں ریگولیٹر نہیں ہیں اور غیر رجسٹرڈ ڈیلرز کو ٹیکس نظام میں رجسٹریشن کے لیے مجبور نہیں کرسکتیں اور اس کی بنیادی وجہ بھی سامنے ہے کہ وہ رجسٹرڈ ٹیکس گزاروں کی حالت دیکھ رہے ہیں اور کسی بھی قیمت پر ٹیکس نیٹ سے باہر ہی رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔