اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت پر اظہار تشکر کیا ۔
سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف کا اسلام آباد ہائیکورٹ کے نوازشریف کو بری کرنے کے فیصلے کے ردعمل میں کہنا تھاکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے یہ دن دکھایا۔ میرے قائد، بڑے بھائی، پارٹی اور خاندان کو سرخرو فرمایا۔ بے گناہ محمد نواز شریف نے معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا۔اللہ تعالیٰ نے نوازشریف کو ہر الزام سے بری کیا۔ الحمدللہ قوم کو قائد محمد نواز شریف کی بریت مبارک ہو قید خانے، زنداں، بے بنیاد مقدمات، چادر اور چار دیواری کی پامالی، کردار کشی سمیت اذیت کا ہر حربہ اختیار کیاگیا لیکن اللہ تعالیٰ نے سچائی واضح کر دی۔
شہبازشریف کاکہنا تھاکہ الحمدللہ اپنے قائد محمد نواز شریف کو دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتا ہوں۔بیٹی مریم نواز شریف کو مبارک دیتا ہوں جس نے ہمت، صبر اور بے مثال جرات و بہادری سے حالات کے جبر کا مقابلہ کیا ۔پارٹی قائدین اور کارکنوں کو مبارک دیتا ہوں جنہیں ہمیشہ اپنے قائد کی بے گناہی کا یقین تھا پارٹی قائدین اور کارکنوں نے جس بہادری سے اپنے قائد کا ساتھ دیا، اس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں اپنے بہادر قائد کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے زندگی کے تلخ ترین لمحوں میں بھی کبھی ہمت نہیں ہاری۔
مزید پڑھیں: خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں عمران خان کی بریت کی درخواست خارج
سابق وزیراعظم کاکہنا تھاکہ قائد نواز شریف کے اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسے اور ثابت قدمی سے سیاسی انتقام لینے والوں کے پاؤں اکھڑ گئے عدلیہ کا شکریہ جس نے انصاف دیا۔