بولی وڈ کے نامور فلمساز انوراگ کشیپ نے شوبز انڈسٹری میں آنے والے نئے لوگوں سے ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ اب وہ نئے لوگوں سے بلامعاوضہ ملاقات نہیں کریں گے بلکہ بھاری فیس بھی ادا کرنی ہوگی۔
بھارتی ڈائریکٹر انوراگ کشیپ نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’میں نے نئے آنے والے لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش میں بہت زیادہ وقت ضائع کردیا، اس لیے اب میں عام لوگوں سے ملاقات کرکے اپنا وقت ضائع نہیں کروں گا جو اپنے آپ کو ذہین سمجھتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو مجھ سے ملنا ہے اب انہیں پہلے فیس ادا کرنی ہوگی، اگر کوئی مجھ سے 10 سے 15 منٹ کے لیے ملاقات کرنا چاہتا ہے تو اسے ایک لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے، آدھے گھنٹے کی ملاقات کے لیے دو لاکھ اور ایک گھنٹے کی ملاقات کے لیے 5 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے۔
فلمساز نے تنگ آکر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈسٹری میں نئے آنے والے لوگ مجھ سے ملاقات کرکے وقت برباد کرتے ہیں، اگر آپ واقعی ملاقات کے لیے یہ قیمت ادا کرنے کے قابل ہیں تو مجھے کال کریں ورنہ مجھ سے دور رہیں، یہ قیمت ایڈوانس میں ادا کرسکتے ہیں‘۔
انوراگ کشیپ نے بھارت میں متعدد ٹیلنٹ اور نامور اداکاروں کو بولی وڈ میں متعارف کروایا ہے،جن میں نوازالدین صدیقی بھی شامل ہیں، بھارتی فلمساز اسی کام کے لیے جانے جاتے ہیں۔