گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)چھائوں فائونڈیشن کی چیئر پرسن ثمینہ عرفان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کی تعلیم کے ساتھ تربیت ضروری،آج کے بچے کل کا مستقبل،معیار تعلیم میں اضافہ خوش آئند ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جدید مبشر آئیڈیل گرلز ہائی سکول شاہین آبادمیں تقسیم انعامات و یوم والدین کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انعامات بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بہت ضروری ہیں۔ ایسی تقریبات کا انعقاد بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی بہترین تربیت کے لئے کیا جاتا ہے۔اس موقع پر مہمان گرامی ڈاکٹر نمرہ آصف،ڈاکٹر شفق حسن،مسز شائستہ افضل،میڈم صائمہ،میڈم انعم رفیق اور ناظم ادارہ میاں مبشر حسن سکول پرنسپل سمیت والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مہمان خصوصی ثمینہ عرفان نے پاس ہونے والے طلبا و طالبات اور انکے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ رزلٹ تقریب پر تمام کلاسز کے بچوں کی پرفارمنس دیکھ کر حاضرین نے خوب داد دی۔آخر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے اور مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔