گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)اسرائیل جنگ نہیں بلکہ فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔کونسے جنگی قانون کہتے ہیں کہ ہسپتالوں، کالجوں اور مہاجر کیمپوں پر بمباری کی جائے۔ بزدل مسلم حکمرانوں اور امت مسلمہ کا موقف یکسر مختلف ہیں، ان خیالات کا اظہار سفیر امن قاری محمد سلیم زاہد ، علامہ امجد علی جعفری، قاری محمد حفیظ نقشبندی، علامہ ضیا المرتضی چشتی، قاری فیاض احمد فیاضی، صاحبزادہ محمد نعمان صدیقی، علامہ احمد رضا چشتی و دیگر نے القدس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علمائے کرام نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی منظم نسل کشی کرنے پر اسرائلی وزیراعظم نیتن یاہو اور آرمی چیف کو جنگی مجرم ڈکلیئر کیا جائے۔ مسلم حکمران امریکہ سے ڈرنے کی بجائے اللہ سے ڈریں اور جہاد کا اعلان کریں۔ اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف قرارداد پیش کر کے اسے مزید قتل و غارتگری سے روکا جائے۔ امت مسلمہ کا ہر جوان جذبہ جہاد سے سرشار ، لیکن بزدل مسلم حکمران مصلحت پسندی کا شکار ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ کریم جلد از جلد فلسطین کو آزادی عطا فرمائے۔