شانگلہ(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہید جوان اعظم خان ولد باچا خان کی قبر پر حاضری دی۔
اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے پارٹی قائد محمد نوازشریف، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کی جانب سے خصوصی طور پر شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور انکے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔وفاقی وزیر نے شہید کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور سوگواران کی صبر جمیل کیلئے دعا کی۔
انجینئر امیر مقام نے شہید جوان کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہوا، پاک فوج نے نہ صرف ملک و قوم کی خدمت کی بلکہ قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
انجینئر امیر مقام نے سوگوار خاندان کو ذاتی طور پر مالی امداد بھی دی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کی روح کو جنت الفردوس میں جگہ دے۔