اسلام آباد(آئی ایم ایم)وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے تجارت و صنعت میر علی حسن زہری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرا م کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا صدر پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خواتین جن کا PMT سکور 60 تک ہے ان کو بھی بینظیر کفالت اور دیگر پروگراموں میں شامل کر دیا گیا ہے۔
بلوچستان میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کو درپیش چیلنجز اور ان کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے حل سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تکنیکی تربیت کی فراہمی کے پروگرام پر خاص توجہ دی گئی جس کا مقصد مستحق خواتین اور نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے قابل بنانا ہے تاکہ انہیں خط غربت سے باہر نکالنے میں مدد مل سکے۔ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والوں کی زندگیوں میں بہتری لائے گا جس سے پروگرام میں مزید اہل خاندانوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ مزید برآں، وسیع تر رسائی اور شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے موبائل رجسٹریشن وین کے ذریعے بی آئی ایس پی میں خواتین کی رجسٹریشن کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے اقدامات کی تاثیر کو بڑھانے کے لیے بلوچستان حکومت کے تعاون کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ میر علی حسن زہری نے مستحق گھرانوں کی بہتری کیلئے بی آئی ایس پی کے مؤثر کردار کو سراہا اور اس حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔