کراچی(وسیم بٹ)نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) نے کراچی میں مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) کے ذریعے دراز کے ساتھ باضابطہ طور پر ایک اسٹریٹجک تعاون کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ شراکت داری پورے پاکستان میں ای کامرس کی تربیت کو بڑھانے کے اقدام میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
ایم او یو پر حفیظ عباسی، ڈائریکٹر جنرل SS&C، نیوٹیک نے دستخط کیے، عامر جان، نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، آن لائین سے اس عمل کی نگرانی کر رہے تھے۔ اس ایم او یو کا مقصد افراد کو آن لائن کامرس میں ان کی مہارتوں کو بہتر بنا کر بااختیار بنانا ہے، اس طرح وہ دراز پلیٹ فارم پر کامیاب سیلرز بننے کے قابل بنتے ہیں۔
دراز اور نیوٹیک دونوں اس مشترکہ منصوبے کے لیے پرعزم ہیں، جس کی توجہ پاکستان میں ایک مضبوط ای کامرس ایکو سسٹم کی ترقی پر مرکوز ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو ڈیجیٹل مارکیٹ میں ترقی کرنے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرتے ہوئے وسیع تربیت اور وسائل فراہم کیے جائیں۔
حفیظ عباسی نے شراکت داری پر بات چیت کرتے ہوئے کہا، “دراز کے ساتھ یہ یادداشت پاکستان میں ای کامرس کی تربیت کو بلند کرنے کی ہماری جاری کوششوں میں ایک کلیدی عنصر ہے۔ یہ کاروبار کے خواہشمند افراد کے لیے نئے مواقع فراہم اور اس کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔۔”
عامر جان آن لائین دستخط کرنے کے موقع پر موجود تھے، اس تعاون کے ممکنہ فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے کہاکہ یہ نیوٹیک کے پیشہ ورانہ اور تکنیکی مہارتوں کو فروغ دینے اور ای کامرس کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے وسیع تر اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
مزید پڑھیں: پی اے آرسی اور کوپیاکے درمیان متعددمعاہدوں کی یاداشت پردستخط
دراز اور نیوٹیک کے درمیان شراکت داری ایک امید افزا منصوبہ ہے، جو پاکستان میں ہنر مند ای کامرس پیشہ ور افراد اور کاروباری افراد کی نئی نسل کو پروان چڑھانے کے لیے تیار ہے۔