اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)روش فارما (گلوبل) کے سربراہ ایڈریانو ٹریو نے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق رائے قائم کیا گیا کہ دونوں ادارے پاکستان بیت المال سے علاج معالجہ کیلئے امداد لینے والے نادار و غریب افراد کو مزید امداد و سہولیات فراہم کریں گے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے روش کے سربراہ کو پاکستان بیت المال کے مستحق مریضوں، خاص طور پر چھاتی کے کینسر میں مبتلا مریضوں کیلئے ارزاں نرخوں پر ادویات فراہم کرنے کے حوالے سے بات کی جس پر روش کے سربراہ نے رضامندی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ اس حوالے سے روش فارما گلوبل اور پاکستان بیت المال کے درمیان غریب و نادار مریضوں کو مفت طبی سہولیات دینے کے حوالے سے پہلے ہی معاہدہ موجود ہے۔جس کے تحت روش فارما (گلوبل) پاکستان بیت المال کی مالی معاونت سے علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرنے والے نادار مریضوں کو مارکیٹ سے کم ریٹ پر ادویات فراہم کر رہا ہے۔ حالیہ ملاقات میں دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق رائے کیا گیااور دیگر مہلک بیماریوں کے علاج کیلئے سستی ادویات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ،ہلال احمر کی جانب امدادی سامان کی تقسیم جاری