مکوان (ویب ڈیسک): نیپال کے ضلع مکوان پور کے علاقےچتلانگ میں 4.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیپال سیسمولوجی سینٹر کے مطابق جمعرات (23 نومبر) کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
تاہم ابھی تک کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں 3 نومبر کو نیپال میں 6.4 شدت کے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس سے نیپال نکلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ نیپال میں محسوس کیے گئے 6.4 شدت کے زلزلے میں جانی و مالی کافی نقصان ہوا تھا۔ اس دوران 157 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی بھی ہوئے۔
پچھلی بار 3 نومبر کو نیپال کے جاجر کوٹ میں محسوس کیے گئے زلزلے میں تقریباً 8000 مکانات بری طرح تباہ ہو گئے تھے۔ اس دوران بھارت نے زلزلے سے متاثرہ لوگوں کے لیے ہنگامی امدادی پیکج بھیجا تھا جس میں طبی سامان، امدادی سامان اور بہت کچھ شامل تھا۔
مزید پڑھیں: اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی کل تک مؤخرکردی
یاد رہے کہ نیپال کی تاریخ کا بدترین زلزلہ سال 2015 میں محسوس کیا گیا تھا۔ اس دوران زلزلے کی شدت 7.8 اور 8.1 بتائی گئی تو 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ زلزلے کے یہ جھٹکے 25 اپریل 2015 کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11:56 پر محسوس کیے گئے تھے۔ اس وقت کئی تاریخی مندر اور عمارتیں بری طرح تباہ ہو چکی تھیں۔