گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) امیدوار جماعت اسلامی حلقہ این اے 80 بلال قدرت بٹ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی عالمی اسٹیلبشمنٹ کی ایجنٹ سیاسی جماعتیں ہیں جنہوں نے ملک و قوم کو یرغمال بنانے کیلئے عام انتخابات کے نام پر اپنی اپنی باریاں لگا رکھی ہیں انہیں ملک و قوم کے اجتماعی مفاد اور خوشحالی سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھیالی شاہ پور یونین کونسل 36 میں انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انتخابی میٹنگ سے امیدوار پی پی 62حاجی فیض الحق قریشی، نائب امیر حاجی عبدالقدوس قریشی، نائب امیر عبدالستار گوندل، سعد ہاشمی، حافظ جواد ہاشمی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی، بیروز گاری، غربت عروج پر ہے، حکمرانوں کے گھر خوشحال ہیں، ملک کے موجودہ حالات کی تمام تر ذمہ دار مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی قیادت پر عائد ہوتی ہے جنہوں کی ناقص حکمت عملیوں کے باعث آج ہر پاکستانی 42 قسم کے ٹیکس ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف جماعت اسلامی ہی واحد سیاست جماعت ہے جو ملک و قوم کو کرپشن سے پاک نظام فراہم کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔