کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ عوام ملک کو 2018ء سے قبل کی پوزیشن پر لانے کے لئے 8 فروری کو گھروں سے نکل کر شیر پر مہر لگا کر مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائے تاکہ ملک اور قوم کو بدامنی ، مہنگائی ، بے روزگاری اور معاشی ، اقتصادی بد حالی سے نکالا جاسکے۔ بلوچستان میں انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ(ن)کا عوام گرم جوشی سے استقبال کر رہے ہیں یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر کوئٹہ سے مسلم لیگ(ن)کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار شیخ زرک خان مندوخیل، سحر گل خلجی، نسیم الرحمن ملا خیل، حاجی میر نور اللہ لہڑی، فاطمہ خان ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر احمد ، ارباب اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے کارکن اور قیادت انتہائی سخت حالات میں بھی چٹان کی طرح ڈٹ کر کھڑے رہے ہیں اور عوام کے درمیان تھے ہم نے عوام کو اس وقت بھی باور کروایا تھا کہ ہم عوام کے حق کے لئے سختیاں برداشت کررہے ہیں اور ہر مشکل سے گزرنے کے لئے تیار ہیں آج بلوچستان اور ملک کے عوام اسی استقامت کے بدلے ہمارے ساتھ ہیں اور یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ملک کی حقیقی نمائندہ جماعت مسلم لیگ(ن)ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)عوام کی طاقت سے بلوچستان کی سب سے بڑی پارلیمانی قوت بن کر ابھرنے جارہی ہے 8فروری کو عوام مہنگائی، بد امنی ،بے روزگاری کے خلاف ووٹ دیں گے مسلم لیگ(ن)منتخب ہوکر پاکستان کی کمزور معیشت کو مضبوط، مہنگائی اور بے روزگاری ، بدامنی کے خاتمے کی بنیاد رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ 2018سے قبل ملک درست سمت میں تھا خارجہ پالیسی کامیاب، معیشت مضبوط ، جی ڈی پی ریکارڈ سطح پر تھی لیکن میاں محمد نواز شریف کو نا اہل قرار دیکر ملک کو مسائل کے دلدل میں دھکیل دیا گیا آج محمد میاں نواز شریف ایک بار پھر ملک کومسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے واپس آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے ژوب سے گوادر تک امیدوار کھڑے کئے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم عوام کے ووٹوں سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور بلوچستان کے تمام مسائل کے حل کے لئے اقدامات کریں گے تاکہ بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پایا جانے والا احساس محرومی دور ہوسکے