اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر جان نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی میں نوجوان نسل کا اہم کردار ہے۔ نیوٹیک کا عزم ہے کہ ملک کی نوجوان نسل کو بڑے پیمانے پر فنی تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک ٹیکنی سکلز ڈویلپمنٹ ڈیولپمنٹ انسٹیٹوٹ میں فاٹا کے نوجوانوں کی تربیت کے اختتام پر تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے مشیر وزارت ٹرانسپورٹ، لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ پنجاب پروفیسر سجاد قمر میزبان تقریب اور وائس چیئرمین پیوپا شکیل عباسی چیرمین پیوپا اسد حفظ کیانی چوہدری عطاء الرحمٰن اور دیگر نے خطاب کیا۔ نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر جان نے کہا کہ ہنرمندی کی تعلیم دور حاضر میں ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے۔ فنی ترقی کو ہم اولین ترجیح بنارہے ہیں۔ فنی تعلیم سے آراستہ نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے سے ترقی خسارے میں کمی آئے گی۔ فاٹا کے نوجوانوں کو تربیت دینے کا عمل نہایت خوش آئند ہے۔ شکیل عباسی اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے کہ وہ پسماندگی علاقے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وائس چیئرمین پیوپا شکیل عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقے کے نوجوانوں کا انتخاب کیا اور انہیں بہترین تربیت کے مراحل سے گزر کر اس قابل بنادیا ہے کہ وہ دنیا کے ہر میدان میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔ ہمارے ادارے کا عزم ہے کہ ہم فاٹا بلوچستان اور دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو تربیت دینے اور انہیں بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔پروفیسر سجاد قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عامر جان اور انکا ادارہ قابل قدر کام کر رہا ہے۔ اور امید ہے کہ اس سال لاکھوں افراد تربیت حاصل کر کے اپنا اور ملک کا سہارا بنیں گے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے ۳۹ طلبہ میں اسناد اور اپنی طرف سے انعامات بھی تقسیم کیے