اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ کراچی کے عوام سیاسی سوداگروں کو بخوبی پہچانتے ہیں اس لئے تین کا ٹولا کراچی کو کرائے پر دینے کی سوچ اپنے دماغ سے نکال دے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری سیاسی طور آزاد ہو چکے ہیں اب بیلٹ پیپرز پر خودمہر لگائیں گے۔ مسلم لیگ(ن)،ایم کیو ایم اور جی ڈی اے شکست خوردہ عناصر کا اتحاد ہے۔ مسلم لیگ پنجاب میں یقینی شکست کو دیکھ کر کراچی میں سیٹوں کی بھیک مانگ رہی ہے اور مسلم لیگ(ن) عوامی ردعمل کے خوف کے باعث پنجاب میں اپنی الیکشن مہم نہیں چلا رہی ہے۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ گرینڈ دھوکہ الائنس، مہاجر قاتل موومنٹ اور نا اہل لیگ عوام کی ناپسندیدہ جماعتیں ہیں۔8 فروری پیپلزپارٹی کی تاریخی کامیابی کا دن ہوگا۔ نواز شریف ایک بار پھر ملک سے باہر جانے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے عوام کے مسائل کا قابل عمل حل صرف پیپلزپارٹی کے منشور میں شامل ہے۔ اقتدار میں آنے کے بعد پیپلزپارٹی کے سوا کبھی کسی دوسری جماعت نے اپنے منشور پر عمل نہیں کیا لیکن پیپلزپارٹی نے عوام سے جو بھی وعدے کیے ان کو ہمیشہ پورا کیا ہے۔