اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ انتخابات 8 فروری 2024ءکو ہی ہوں گے ، نگران حکومت آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے ۔سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتےہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ تنقید جمہوریت اور کسی بھی معاشرے کے لئے ضروری ہوتی ہے، تنقید لوگوں کا حق ہے، ہم اس حق سے انہیں محروم نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہاکہ نگران حکومت بنیادی طور پر دو منتخب حکومتوں کے درمیان پُل کا کردار ادا کرتی ہے، آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت پرامن، شفاف، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے، نگران حکومت الیکشن کمیشن کو مالی، انتظامی اور سیکورٹی فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے، انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے، جمعرات 8 فروری 2024ءکو انتخابات ہوں گے، ہر شہری اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کا حق استعمال کرے۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، مولانا فضل الرحمان لیول پلینگ کی شکایت کر رہے ہیں، 2013ءکے انتخابات میں بھی کئی جماعتوں کو لیول پلینگ فیلڈ کی شکایات تھیں، ریاستی میڈیا پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج دی جا رہی ہے، پی ٹی آئی کے اندرونی انتخابات کا جھگڑا ایک دہائی پرانا ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ 2013ءکے عام انتخابات سے پہلے پہلی مرتبہ پی ٹی آئی کے اندرونی انتخابات ہوئے تھے، ہر سیاسی جماعت اپنے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی پابند ہے، پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن نے از خود نوٹس نہیں لیا تھا بلکہ ان کے پاس شکایت گئی تھی۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے حالیہ فیصلے سے ایک قانونی نظیر قائم ہوئی ہے، اس فیصلے سے دیگر جماعتوں کے اندر جمہوریت کیلئے راہ ہموار ہوئی ہے، ملک کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے اندر بھی جمہوریت ضروری ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان عوام کے ٹیکسوں پر چلنے والے ادارے ہیں، ہماری جانبداری پاکستان کے عوام کے ساتھ ہے، عوام تک تصدیق کر کے سچ پہنچانا ہماری ذمہ داری میں شامل ہے، ہمارا کام روشنی لانا ہے، دھند لانا نہیں، پچھلے پانچ مہینے کے اندر ہم نے سیاسی و معاشی حالات کو بہتر کیا، عوام سے ہمارا وعدہ ہے کہ جس حالت میں ملک ہمیں ملا تھا اس سے بہتر حالت میں دے کر جائیں گے۔