پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت نے اپنی ہی پارٹی کے ترجمان رؤف حسن پر الزامات لگادیے۔
ایک بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ رؤف حسن سازشی ہیں، اکثر پارٹی میں دراڑیں ڈالنے میں مصروف رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) شیرانی گروپ الائنس بھی رؤف حسن نےختم کرایا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پارٹی میں رہ کر رؤف حسن نگراں حکومت میں موجود اپنے بھائی فواد حسن فواد کےلیے کام کررہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ترجمان نے بانی تحریک انصاف کے مخالف صحافیوں کو ٹکٹ دالوانے کی کوشش کی۔
شیر افضل مروت نے سندھ میں انتخابی مہم ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ حامد خان اور رؤف حسن اب ہمت کریں اور عوام کو لیڈ کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہی رہنماؤں کی وجہ سے سندھ میں مہم ختم کر رہا ہوں، پارٹی قیادت کے الزامات کی وجہ سے دلبرداشتہ ہوں۔
پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ پہلے مجھے وکلاء کی ٹیم سے نکالا، اب انتخابی کمپین سے روک دیا گیا ہے۔