سابق صوبائی وزیر اور بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 42 کے آزاد امیدوار طاہر محمود بلوچستان گرینڈ الائنس میں شامل ہوگئے۔
کوئٹہ میں نوابزادہ لشکری رئیسانی نے پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر حلقے سے الائنس کے امیدوار رضا الرحمان کی طاہر محمود کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا۔
بلوچستان گرینڈ الائنس کے رہنما نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں این اے 265 پر ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسی لیے ہماری کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ مشترکہ امیدوار سامنے لایا جائے۔
لشکری رئیسانی نے مزید کہا کہ پی بی 42 پر طاہر محمود گرینڈ الائنس کے امیدوار ہوں گے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، 8 فروری کا دن بلوچستان گرینڈ الائنس کی فتح کا دن ہوگا۔
حلقہ این اے 163 کے امیدوار لشکری رئیسانی نے کہا کہ سینیٹ میں انتخابات کے التوا کی قراردادیں وہی لوگ پیش کررہے ہیں، جو سینیٹ میں رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کو لاوارث سمجھ کر مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے۔