سابق وفاقی وزیر و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق راولپنڈی کے حلقے این اے 56 سے سابق وفاقی وزیر و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کے کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست لاہور ہائی کورٹ نے خارج کردی۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی تھی۔
دوران سماعت وکیل اعتراض نے مؤقف اپنایا تھا کہ شیخ رشید نے 4 لاکھ 40 ہزار کے واجبات ادا نہیں کئے، سربراہ عوامی مسلم لیگ ڈیفالٹر ہیں، انہوں نے اپنی پراپرٹی اپنے کاغذات میں ظاہر نہیں کی، شیخ رشید نے مری میں موجود ریسٹ ہاؤس کا کرایہ ادا نہیں کیا۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ قانون کے مطابق انتخابی امیدوار کو 10 ہزار سے زیادہ کا ڈیفالٹر نہیں ہونا چاہیے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
آج لاہور ہائی کورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف درخواست کر خارج کردی۔