راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نےسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور شیخ راشد شفیق کی 9 مئی واقعات سمیت 8 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 9 دسمبر تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کےجج ملک اعجاز آصف نےضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
شیخ رشید احمد اپنے وکیل سردار عبدالرازق ایڈوکیٹ کے ہمراہ عدالت پہنچے۔دوران سماعت پراسیکیوٹر نےدرخواست کی 2سپیشل پراسیکیوٹرز آج موجود نہیں ہیں،التوا دیا جائے۔
وکیل صفائی سردار عبدالرازق نے کہا ہمیں یہ توبتایا جائےکہ شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کے خلاف کیا شواہد ہیں،ان کو کب اور کیوں ان مقدمات میں ڈالاگیا،انکا نام 9 مئی کی کسی ایف آئی آر میں نہیں تھا۔تمام مقدمات میں 6 ماہ کی تاخیر کے بعد نام ڈالے گئے۔
شیخ رشید نےکہا اخبار میں پہلے ہی خبر چھپ چکی ہےکہ پراسیکیوشن کیس میں تاریخ لےگی۔
جج ملک اعجاز آصف نے ریماکس دئیےکہ یہ عدالت کی کریڈیبلٹی کا سوال ہے،خبر سے تاثر ملتا ہےکہ شاید عدالت کو کوئی باہر سے کنٹرول کرتا ہے۔آئندہ ایسی خبر چھپی تو ایکشن لوں گا۔
عدالت نے آئندہ تاریخ پر تمام تھانوں کے ایس ایچ اوزکو مکمل ریکارڈ لانے کاحکم دیتے ہوئےحکم دیا کہ آئندہ مزید موقع نہیں دیا جائے گا۔
عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔
شیخ رشید احمد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا ٹاک
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف اور جنرل ندیم انجم سے ہاتھ جوڑ کر استدعا کی ہے کہ وہ 9 مئی واقعات پر بورڈ بنا دیں اور جو لوگ بے گناہ ہیں انہیں رہا کردیا جائے۔میرے خلاف 9 مئی کے درجن بھر کیسز ہیں جبکہ میں کسی جگہ موجود نہیں تھا۔
مخالفین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن تو ہونے ہیں، پولنگ ڈے پر مری میں چہل پہل کرنے والوں کو غش پڑے گا۔بڑے ذمہ داران سے گزارش کرتا ہوں کہ ملک کی معیشت پر توجہ دی جائے۔ اس وقت اصل عوامی مسئلہ گھروں کے فاقے ہیں الیکشن نہیں۔خدارا لوگوں کے معاش پر توجہ دی جائے۔ ہمارا اصل کیس ہائیکورٹ میں 30 نومبر کو ہوگا۔ پی ٹی آئی کے تمام وکلاء کو تمام مقدمات کی پیروی کیلئے کہا ہے۔ دو تہائی اکثریت تو دور کی بات ہے۔
مزید پڑھیں: سائفر کیس جیل سےباہر منتقل،عمران کو آئندہ منگل عدالت میں پیش کرنےکاحکم
شیخ رشید نے بتایا کہ مری میں چہل پہل کرنے والے 172 کی اکثریت بھی نہیں لے سکیں گے، اگر جیل بھیجا گیا تو جیل سے الیکشن لڑوں گا، سانحہ 9 مئی بابت کسی کے خلاف 164 کا بیان نہیں دیا، میں اکیلا شیخ رشید 9 مئی کے 68 مقدمات میں نامزد ہوں، ایک بندہ اتنی جگہوں پر ایک ساتھ کیسے ہوسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری پراسیکیوٹرز نے دلائل کے لئے پھر وقت مانگا ہے، ہم تو عبوری ضمانتوں پر بھی دلائل کے لئے تیار تھے، میرے اور راشد شفیق کیخلاف راولپنڈی کے تھانوں میں 10 مقدمات ہیں۔