انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک گیر کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، 9 کارروائیوں میں 365 کلو سے زائد منشیات برآمد کرکے 8 ملزمان گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق باچا خان ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر سے 2 کلو آئس برآمد کی گئی جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر کے پیٹ سے 1 کلو آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔
کورنگی کراچی میں واقع کوریئر آفس میں سعودیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 1 کلو آئس، طور درہ بارڈر خیبر میں گاڑی سے 186 کلو چرس، تربت روڈ سے 75 کلو چرس جبکہ رشکئی ٹول پلازہ پشاور کے قریب 2 ملزمان سے 26 کلو چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق نواب چوک گوجرانولہ کے قریب 3 ملزمان سے 60 کلو چرس اور 6 کلو افیون، باجوڑ سے 7 کلو افیون اور پاک افغان بارڈر چمن کے قریب چیکنگ کے دوران ملزم سے 800 نشہ آور ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔