گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہلحدیث گوجرانوالہ نے شہر کے تمام حلقوں میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ آج دفتر مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی میں انجینئر خرم دستگیر خان، عمران خالد بٹ اور معظم رؤف مغل نے بزرگ عالم دین مولانا محمد صادق عتیق، امیر مرکزیہ علامہ پروفیسر محمد سعید کلیروی ، ناظم اعلیٰ مولانا محمد ابرار ظہیر اور دیگر علماء کے نمائندہ اجتماع میں ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث اور مسلم لیگ کا ساتھ بے لوث ہے، علامہ پروفیسر ساجد میر اس ملک کا اثاثہ ہیں، میاں نواز شریف اور ساجد میر کی محبت بے مثال ہے۔ پاکستان کے استحکام اور ترقی میں دونوں راہنماؤں اور ان کی جماعتوں نے ہمیشہ بہترین کردار ادا کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے مقامی قائدین نے باہم مل کر چلنے کا اعلان کیا۔ انجینئر خرم دستگیر خان نے اہلحدیث قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اتحاد کو مزید بہتر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث گوجرانوالہ علامہ پروفیسر محمد سعید کلیروی، مولانا محمد صادق عتیق نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا علمائے اہلحدیث نے مسلم لیگ کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے، آئندہ بھی دیں گے۔