میرپور (سٹاف رپورٹر) جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے زیر اہتمام یوم سیاہ کی تقریب زیر صدارت بانی چیئر مین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان) جبکہ مہمان خصوصی برطانوی نائب وزیر اعظم کے مشیر محبوب احمد، چیئر مین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،سمائل ریڈ چیرٹی برطانیہ کے سربراہ چوہدری شہباز سرور، چوہدری منیر حسین ایڈووکیٹ، سالار ممتاز چشتی، چوہدری جمیل تبسم،سابق ڈائریکٹر اطلاعات چوہدری محمد رشید، ڈائریکٹر میاں محمد بخش لابیرئیری پروفیسر عبدالرزاق چوہدری، چوہدری جاوید قادر، راجہ فضل الرحمن، پروفیسر حفضہ باری، تحریک کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم،فاروق جرال، حاجی آصف حسین، راجہ منیر حسین،ظفر اقبال کھٹانہ، شیخ سعید احمد، راجہ ساجد نے شرکت کی۔
تقریب میں بھارت کے یوم سیاہ کے موقع پر کشمیریوں کی طرف سے اسے یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے مقررین نے انٹر نیشنل کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو کچلنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت دلوائے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بھارت کے انتہا پسند حکمران ظلم و بربریت کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک کا راستہ نہیں روک سکتے کشمیریوں کی تحریک کامیابیوں سے ہمکنار ہو کر رہے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک حق خودارادیت کے چیئر مین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان)نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اووسیز کشمیری مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو کامیابیوں سے ہمکنار کرنے کے لیے ہر انٹر نیشنل فورم پر بھرپور اور موثر طریقے سے آواز بلند کررہی ہے برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان کشمیریوں کی تحریک کے لیے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔راجہ نجابت حسین نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریک کے لیے بہنے والا لہو رنگ لا کر رہے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنی چار نسلوں کی قربانیاں دی ہیں۔کشمیری شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جا سکتا۔بھارت کے حکمرانوں کے تمام مذموم عزائم ناکام ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا نے کہا کہ تارکین وطن نے کشمیر کازکو موثر طریقے سے اجاگر کیا ان کی کاوشیں رنگ لائیں گی۔ تقریب میں شہداء کشمیر کی قربانیوں کو خراج عقید ت پیش کیا گیا اور کشمیر کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گی۔